Written by 5:11 شام اہم خبریں

حرف اول

قارئین محترم !

آداب و تسلیمات

زیست کا نیا شمارہ آپ کے پیش نظر ہے ۔ یہ اشاعت خاص ایک عظیم شاعر، مدبر اور مصلح جناب عابد جعفری مرحوم سے معنون ہے کہ یہ ایک فرض تھا، ایک قرض تھا۔

چکوال کے غیر معروف اور دور افتادہ قصبے منگوال کو آنے والے عہد اور نسل نو میں محترم عابد جعفری کی نسبت سے ایک گوناگوں مقام حاصل رہے گا کہ ایک بے لوث مدرس ، فقر کیش مفکر اور اپنے زمانے کا منفرد سخنورتمام عمر روشنی اور محبت بانٹتاایک روز اس آبائی بستی کے گورستان سے ہوتے ہوئے کہیں بہت دور جا بسا،  روز رخصت ہزاروں آنکھیں تو اشکبار تھیں ہی، آسمان بھی خوب برسا کہ ایک سعید روح سے ہمیشہ کی جدائی کے لمحات اور اس کے تہہ خاک خوابیدہ ہو کر نگاہوں سے اوجھل ہو جانے کی آخری ساعتیں تھیں۔

ایک مدرس ، ایک معلم کی تکریم و تعظیم میں ماہنامہ”زیست”کی پیشانی پہلی مرتبہ نگوں ہے ، کہ ستائش و تمغات سے ماورا  صاحب علم و عرفان اور شہرت  و منفعت سے بے نیاز اس رجل بے مثل کے احترام کا تقاضا  اور ادارے کے لیے باعث صد شرف و اعزاز ہے ۔

قلت وقت کے باعث احباب عابد جعفری سے فردا  فردا  رابطہ ممکن نہ ہو پایا۔ کثیر تعداد میں ان سے وابستہ افراد کے مضامین و کلام اس اشاعت میں شامل نہ ہو پائے۔  بطور "مشتے از خروارے” یہ کاوش حاضر خدمت ہے۔       آپ کی آراء اور قلمی معاونت کا حسب سابق انتظار رہے گا۔

خیر اندیش

اکرام الحق سلہری

(Visited 9 times, 1 visits today)
Close